جموں ۔ سرینگر ایرپورٹس کی سکیورٹی سی آئی ایس ایف کے سپرد

   

نئی دہلی17جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) معطل شدہ پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دیویندر سنگھ کی جنگجوؤں کے ساتھ گرفتاری کے بعد سرینگر اور جموں ہوائی اڈے کی سکیورٹی کی ذمہ داری اس ماہ کے آخر تک سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) سنبھالے گی ۔ سرکاری ذرائع نے جمعہ کے روز یہ معلومات دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ جمعرات کی شام کو لیا گیا ۔ فیصلہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور ریاستی پولیس کو جلد ہی ان دونوں ہوائی اڈے کی سکیورٹی کی ذمہ داری سی آئی ایس ایف کو سونپنے کے لئے کہا گیا ہے ۔حکومت نے یہ فیصلہ معطل شدہ پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دیویندر سنگھ کی 11 جنوری کو میر بازار میں حزب المجاہدین کے دو جنگجوؤں کے ساتھ گرفتاری کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے ۔حکومت نے گزشتہ سال لیہہ، جموں -سرینگر ہوائی اڈوں کی ذمہ داری سی آئی ایس ایف کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ فی الحال جموں اور سرینگر ہوائی اڈوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور ریاستی پولیس کی ہے ۔سی آئی ایس ایف کے افسر نے کہا‘‘ کسی بھی جگہ پر سکیورٹی نظام کو قائم کرنے کے لئے ایک معیاری ضابطے پر عمل کرنا ہوتا ہے۔