جمہوریت سے بے شمار مسائل کا حل ممکن

   

لندن میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 19 جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لندن کی پارلیمنٹ ’ویسٹ منسٹر ‘میں برطانوی اراکین پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس نے ہندستان کی جنگ آزادی کی قیادت کی ہے اور برطانوی سامراج کے خلاف گاندھی جی کے اصولوں پر سچائی اور عدم تشدد کی راہ پر چلتے ہوئے آزادی حاصل کی ہے۔ انہوں نے ہندستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ وریندر شرما کی جانب سے پارلیمنٹ میں منعقدہ اجلاس میں کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے ذریعہ دنیا کے کئی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے اور دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہندستان میں جمہوریت کا نتیجہ ہے کہ وہ کسان کے بیٹے ہونے کے باوجود تلنگانہ کے چیف منسٹر بن پائے ہیں۔ ریونت ریڈی کے اعزاز میں اس اجلاس میں وریندر شرما کے علاوہ دیگر 7 برطانوی ارکان پارلیمان موجود تھے ۔چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ اس ملک سے تعلق رکھتے ہیں جس نے جمہوری جدوجہد سے برطانیہ سے آزادی پائی اور اب دونوں ممالک جمہوری اقدار پر گامزن ہیں۔ جمہوریت کے استحکام اور عوام کو حقوق کی فراہمی میں حکومتوں کو سنجیدہ ہونا چاہئے اور ان کی سنجیدگی عوام کو جمہوری طرز حکمرانی کے ثمرات سے استفادہ کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے قلیل سیاسی سفر کے دوران انہوں نے جو مقام حاصل کیا ہے وہ جمہوری اصولوں اور اقدار کا ہی نتیجہ ہے ۔3