سچ بے خوف ہوکر لکھیں، صحافیوں کو سیاسی، سماجی تنظیموں کا تیقن
شادنگر۔ 11 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آزادی کی جدوجہد سے لے کر آج تک سوسائٹی کے لیے بے لوث جدوجہد کرنے والے صحافیوں کے ساتھ ہم کھڑے ہیں۔ اگر کوئی ان کی آزادی میں رکاوٹ بنتا ہے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ آپ اپنا کام کریں ، ہم آپ کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں ، ایسے الفاظ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے صحافیوں کو بھروسہ دلایا۔ یہ اجلاس شادنگر ٹاؤن کے ناگول پلی روڈ پر واقع سائی راجا فنکشن ہال میں منعقد ہوا ، جس میں تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (ٹی ڈبلیو جے ایف ) کے صدر و جنرل سیکرٹری راگھویندر گوڑ ، نریش ، نرسمہا ریڈی کی قیادت میں ’’جمہوریت میں میڈیا کی آزادی‘‘ پر راؤنڈ ٹیبل میٹنگ جمعرات کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایم ایل اے ویریلاپلی شنکر، سابق ایم ایل اے بکنّی نرسمہلو، بی جے پی ریاستی قائد اندے بابیا ، پالمورو وشنو وردھن ریڈی ، طلبہ تنظیمیں ، کانگریس ، ٹی ڈی پی ، بی جے پی ، سی پی ایم ، سی پی آئی سمیت کئی جماعتوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے کہا کہ ’’اخبارات ہی قوم کی بنیاد ہیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک میں عظیم شخصیات کے ساتھ ساتھ اخبارات نے بھی قلمی جدوجہدکے ذریعہ اہم کردار ادا کیا۔ انہی کوششوں کے بعد ہمارا آئین اور جمہوری حکومتیں آئیں ، اور میڈیا کو چوتھا ستون مان کر مکمل آزادی دی گئی۔ کانگریس لیڈر رگھو اور مزدور لیڈر پناپکا پربھاکر کے درمیان بھی معمولی تکرار ہوئی۔ اگرچہ اجلاس میں مختلف مواقع پر اختلافات پیدا ہوئے ، لیکن مجموعی طور پر یہ پروگرام بڑی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔