جمہوریت کی بحالی کیلئے پیپلز پارٹی کی پاکستان بھر میں مہم : بلاول

,

   

کراچی 19 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے قائد اپوزیشن بلاول بھٹوزرداری نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور وزیر اعظم عمران خان پر استعفی کیلئے دباو ڈالنے کیلئے ملک بھر میںاحتجاجی مظاہرے منعقد کریگی ۔ بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر نشین ہیں اور انہوں نے کہا کہ حکومت عوام میں مقبولیت کھوچکی ہے کیونکہ اس نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیںکیا ہے ۔ انہوں نے ایک پارٹی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ ہے کہ ملک میں جمہوریت بحال کی جائے ۔ بلاول نے کہا کہ ہم اس مصنوعی جمہوریت کو نہیں مانتے اور عوام کے سماجی و معاشی حقوق کو بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ 31 سالہ بلاول نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری مخالف حکومت تحریک کراچی سے شروع ہوئی ہے ۔ انہوں نے ملک بھر میں مختلف پروگرامس کے انعقاد کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 23 اکٹوبر کو تھار میں احتجاج کیا جائیگا ‘ 26 اکٹوبر کو صوبہ سندھ میں کشمور کے مقام پر احتجاج ہوگا جبکہ یکم نومبر صوبہ پنجاب میں کئی ریلیاں منعقد کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سارے ملک کا دورہ کرینگی ۔ عمران خان کو جانا ہوگا ۔ ہم ملک کے طول و عرض میں پھرتے ہوئے عمران خان کی ناکامیوں کو اجاگر کرینگے ۔ پی پی پی صدر نشین نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ ہی پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ایک تعمیری رول ادا کیا ہے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ عمران خان نہ حکومت کرنے کے اہل ہیں اور نہ ہی سنجیدہ ہیں۔ پارلیمنٹ کو نظر انداز کردیا گیا ہے اور سیاستدان سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ بلاول نے الزام عائد کیا کہ کشمیر کے مسئلہ پر یکے بعد دیگرے حکمرانوں نے سمجھوتے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ادارے متنازعہ بن جائیں لیکن جب فوجی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنوں میں متعین کیا جائیگا تو ان کی اہمیت ختم ہوجائے گی ۔