’جمہوریت کی بقا کیلئے بی جے پی کیخلاف متحد ہوجائیں‘

,

   

اپوزیشن قائدین کو ممتابنرجی کا مکتوب

کولکاتا: مغربی بنگال میں دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ سے ایک روز قبل ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کو مکتوب لکھا ہے۔ ممتا بنرجی نے اس مکتوب کے ذریعہ اپوزیشن قائدین سے اپیل کی ہیکہ جمہوریت کی بقا کیلئے بی جے پی کے خلاف متحد ہوجائیں۔ نندی گرام میں انتخابی تشہیر منگل کی شام ختم ہونے کے بعد ٹی ایم سی کی لیڈر ممتا بنرجی نے آج غیر بی جے پی لیڈران کو ذاتی طور پر خط ارسال کیا۔ ممتا بنرجی نے خط میں اپوزیشن قائدین سے جمہوریت کی بقا کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ ممتا بنرجی نے یہ خط 15 غیر بی جے پی لیڈران کے نام لکھا ہے۔ خط میں ممتا بنرجی نے لکھا، ’’میرا خیال ہیکہ جمہوریت اور آئین پر بی جے پی کے حملوں کے خلاف یکجا ہونے اور موثر جدوجہد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘ممتا بنرجی نے جن لیڈران کو خط لکھا ہے ان میں کانگریس سربراہ سونیا گاندھی اور اروند کجریوال بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ملک کے 5 چیف منسٹروں کو بھی مکتوب ارسال کیا ہے۔ کانگریس سربراہ سونیا گاندھی کے علاوہ ممتا بنرجی نے این سی پی کے لیڈر شرد پوار، ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے، جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین، دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال، اوڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک، آندھراپردیش کے چیف منسٹر جگن ریڈی کے علاوہ کے ایس ریڈی، فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی اور دیپانکر بھٹاچاریہ کو بھی مکتوب ارسال کیا ہے۔بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 30 سیٹوں پر 171 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ جمعرات کو ہوگا۔ 30 سیٹوں میں جموبی 24 پرگنہ کی 4، مغربی مدنی پور کی 9، بانکوڑا کی 8 اور مشرقی مدنی پور کی 9 سیٹیں شامل ہیں۔ پانچ سال قبل 2016 کے اسمبلی انتخابات میں ان 30 سیٹوں میں سے ٹی ایم سی نے 22 یعنی 73 فیصد سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، اہم 2019 کے انتخابات میں صورت حال پوری طرح تبدیل ہو گئی اور بی جے پی نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔