جمہوریت کے محافظوں پر بی جے پی کا کنٹرول، اسی لیے ‘بھارت جوڑو یاترا’ کرنی پڑی: راہل گاندھی

   

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بیرون ملک ملک کو بدنام کرنے کے الزامات پر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہیں کنیا کمار سے کشمیر تک تقریباً 4000 کلومیٹر طویل ‘بھارت جوڑو یاترا’ نکالنے پر مجبور کیا گیا کیونکہ جمہوریت کی حفاظت کرنے والے اور اظہار رائے کی آزادی دینے والے تمام ادارے بی جے پی نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ نے پورے ملک کو دکھایا کہ اصل ہندوستان کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اقدار کیا ہیں؟ ہمارے مذاہب ہمیں کیا سکھاتے ہیں؟ ہماری مختلف زبانیں کیا کہتی ہیں؟ ہماری مختلف ثقافتیں ہمیں بتاتی ہیں کہ ہم مختلف خیالات کے ساتھ ایک ملک ہیں۔ ہمارے پاس نفرت، غصہ اور ناراضگی کے بغیر مل جل کر رہنے کی صلاحیت ہے۔ اور جب ہم ایسا کرتے ہیں، تب ہی ہم کامیاب ہوتے ہیں۔ یہ یاترا کا پیغام تھا۔