جناب زاہد علی خاں نے تعلیمی ، سماجی ، فلاحی کاموں کے ذریعہ تاریخ رقم کی

,

   


روزنامہ سیاست کے 75 سال کی تکمیل ۔ جناب زاہد علی خاں و جناب عامر علی خاں کو جناب علی مسقطی کی تہنیت
حیدرآباد 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : روزنامہ سیاست کی 75 ویں سالگرہ پر سینئیر تلگو دیشم قائد جناب علی مسقطی نے آج روزنامہ سیاست کے دفتر پہونچ کر مدیر اعلیٰ جناب زاہد علی خاں و نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کو مبارکباد و تہنیت پیش کی ۔ جناب مسقطی نے کہا کہ روزنامہ سیاست ایک اخبار نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو غریب اور بے سہارا لوگوں کے لیے ہمیشہ فکر مند رہتے ہوئے کئی ایک ضرورت مندوں کی مدد کیلئے ہمیشہ آگے رہا ہے ۔ اس پر آشوب دور میں لوگ اپنوں کی فکر نہیں کرتے لیکن محترم زاہد علی خاں نے تعلیمی ، سماجی ، فلاحی کاموں کے ذریعہ ایک تاریخ رقم کی ہے ۔ بالخصوص انسان کی زندگی کا آخری لمحہ جس کے بعد لوگ راہ فرار اختیار کرتے ہیں ایسے ماحول میں سیاست نے جو لاوارث نعشوں کی تدفین کا بیڑہ اٹھایا ہے یہ تحریک مثالی ہے ۔ انسان کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے اگر دکھ کا دریا عبور کرنا چاہتے ہو تو آنسوؤں کو جذب کرنا سیکھ لو ۔ آج صاحب استطاعت کو ہر زاویہ سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ بے سہارا لوگ کی مدد کیلئے آگے آئیں اس لیے کہ اطمینان اگر دولت میں ہوتا تو سکون کبھی سجدوں میں میسر نہ ہوتا ۔ اس لیے کہ زمانہ بہت تیزی سے خود غرضی کی طرف قدم بڑھا رہا ہے اگر لوگ اپنی ضرورت کے وقت ہی آپ کو یاد کرتے ہیں تو برا مت مانیں کیوں کہ چراغ کی یاد تب ہی آتی ہے جب اندھیرا ہوتا ہے ۔ جناب علی مسقطی نے جناب زاہد علی خاں کو سیاست کے کامیاب 75 سال اور تاریخ ساز خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر محمد عمر خاں اسٹیٹ سکریٹری تلگو یووتا کے علاوہ سینئیر اسٹاف رپورٹ سید جلیل ازہر بھی موجود تھے ۔۔