مکتھل کے اردو صحافیوں اور دانشوروں کی جانب سے اظہار تعزیت
مکتھل ۔ اردو صحافت کے قدآور رہنما قدیم و معروف اردو روزنامہ رہنمائے دکن کے چیف ایڈیٹر جناب سید وقار الدین کے سانحہ ارتحال پر مستقر مکتھل کے اردو صحافیوں، دانشوروں اور علمی و ادبی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم جناب سید وقار الدین کی ملی ادبی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مستقر کے اردو صحافیوں ڈاکٹر ابوبکر صدیق (رہنمائے دکن) حافظ عبدالقوی حسامی (سیاست)، جناب عبدالباری (سہارا) ، حافظ فضل الرحمن (منصف)، سید حسین (اعتماد) کے علاوہ علماء کرام مولانا عبدالنعیم کوثر قاسمی، مولانا غلام محمد رشیدی، مولانا نصیر الدین رشادی، مولانا اسحاق رشیدی، مولانا عبدالحمید رشادی، مولانا بلال الرحمن خطیب عبدالقدیر، قاضی شہاب الدین، سی چاند پاشاہ، انور حسین، شمس الدین، سالم چاؤش، جناب نذیر، منظور قادری، نور الدین، عبدالرحمن برہان، عبدالمنان و دیگر نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم کی عرب اتحاد اور مظلوم فلسطینیوں اور فلسطینی کاز کے لئے جو مثالی خدمات انجام دی اور ہند ۔ عرب لیگ کے پلیٹ فارم سے جو آواز بلند کی ہے ملت اسلامیہ کے تئیں ان کی درد مندی و دلسوزی کا اندازہ ہوتا ہے اور قوم و ملت کے لئے وہ اپنے سینہ میں ایک دھڑکتا دل رکھتے تھے۔ مرحوم کے لئے مستقر کی جامع مسجد و دیگر مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر دعا مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔
