جناب ظہیرالدین علی خاں کو امریکی کونسل جنرل کا خراج

   

حیدرآباد10 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن نے مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں منعقدہ پروگرام سے خطاب میں جنیفر لارسن نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خاں جو ہمیشہ کونسلیٹ کے کاموں میں تعاون کرتے رہے ، آج ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ مرحوم کی انسانیت نوازی اور عوامی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جنیفر لارسن نے یو ایس کونسلیٹ کے ٹریننگ پروگرامس میں جناب ظہیرالدین علی خاں کے تعاون کا ذکر کیا ۔ تقریب میں ڈی جی پی انجنی کمار اور میڈیا اکیڈیمی صدرنشین الم نارائنا موجود تھے۔
جناب ظہیرالدین علی خاں کو چندر شیکھر آزاد کا خراج
حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد نے مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چندر شیکھر آزاد کے ساتھ جناب ظہیرالدین علی خاں نے کئی سماجی تحریکات میں حصہ لیا تھا۔ اپنے پیام میں چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خاں کے اچانک انتقال کی خبر سے انہیں دلی صدمہ پہنچا۔ سماجی انصاف کی تحریکات کے لئے یہ ایک عظیم سانحہ ہے ۔ انہوں نے سماج میں اپنی غیر معمولی خدمات کے نقوش چھوڑے ہیں اور اس شعبہ میں کام کرنے والوں کیلئے وہ ایک مثال ہے۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خاں کا انتقال ان کا شخصی نقصان ہے اور وہ افراد خاندان سے دلی اظہار تعزیت کرتے ہیں۔