جناسینا کا اے پی میں سی پی آئی و سی پی ایم سے اتحاد

   

وشاکھاپٹنم 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) جنا سینا پارٹی نے آج آندھرا پردیش اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کیلئے سی پی آئی اور سی پی ایم کے ساتھ اپنے اتحاد کو قطعیت دیدی ہے ۔ سی پی ایم نے تلنگانہ میں بھی جنا سینا کے ساتھ مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے جبکہ سی پی آئی نے نے اس تعلق سے کوئی فیصلہ کرنے سے قبل مزید وقت مانگا ہے ۔ جنا سینا ‘ سی پی آئی ‘ سی پی ایم کے قائدین نے آج ایک ملاقات میں مختلف سیاسی مسائل پر غور کیا ۔ اجلاس میں جناسینا سربراہ پون کلیان ‘ پارٹی لیڈر نادیندلہ منوہر ‘ سی پی آئی قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی ‘ سی پی ایم پولیٹ بیورو رکن بی وی راگھولو اور ریاستی قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے مفاہمت کا اعلان کیا گیا ۔ جناسینا پارٹی کے اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ووٹنگ مشینوں پر ظاہر کئے جانے والے شبہات کو دور کرنے کیلئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔