حیدرآباد۔/8ڈسمبر،( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ شریمتی مدھولیکا راوت اور دیگر فوجی جوانوں کی ٹاملناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ گورنر نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ وہ جنرل راوت کی موت کی اطلاع سے صدمہ میں ہیں جنہوں نے ملک کی سلامتی اور ہندوستانی فوج کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ ہندوستانی فوج کو دنیا کی مضبوط ترین فوج بنانے میں جنرل راوت کا اہم رول ہے۔ سوندرا راجن نے جنرل راوت کے پسماندگان اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے آج پیش آئے ایک المناک ہیلی کاپٹر حادثہ میں جنرل راوت کے بشمول ان کی اہلیہ اور دیگر فوجی جوانوں کی موت پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے دفاعی شعبہ میں جنرل بپن راوت کی ملک کیلئے انجام دی گئی خدمات کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ر