جنسی جرائم پر اکھیلیش کا دھرنا ، یوگی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ

,

   

لکھنؤ؍ نئی دہلی۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر سماج وادی پارٹی اور سابق چیف منسٹر یوپی اکھیلیش یادو آج یہاں ودھان بھون کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے اور یوگی ادتیہ ناتھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اناؤ گینگ ریپ کی متاثرہ کی حفاظت میں ناکام ہوگئی، جسے زندہ جلانے کی کوشش کی گئی اور گزشتہ روز دہلی کے دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکی۔ یادو نے آج کا روز ’’یوم سیاہ‘‘ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کو برطرف کردیا جائے۔ سینئر پارٹی قائدین کے ہمراہ وہ ریاستی اسمبلی کے باب الداخلہ سے قریب دھرنے پر بیٹھے رہے اور انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر یوگی حکومت کے خلاف احتجاج چلائے گی۔ بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج سپریم کورٹ سے خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کا ازخود نوٹ لینے اور ان کے سدباب کیلئے مرکز کو موثر اقدامات کیلئے ہدایت دینے کی اپیل کی۔ اناؤ کیس کی شکار لڑکی کی موت کے چند گھنٹوں بعد مایاوتی نے گورنر یوپی آنندی بین پٹیل سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی اور انہیں ریاست میں خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عوام کی فکرمندی سے واقف کرایا۔ کانگریس نے بھی جنسی جرائم پر سخت احتجاج درج کراتے ہوئے ملزمین کے خلاف عاجلانہ کارروائی کا مطالبہ کیا۔