دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد یوتھ کانگریس کےہر طرف ’شکریہ راہول‘ کے ہورڈنگس

   

نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد دہلی ریاستی یوتھ کانگریس نے راجدھانی کے مختلف علاقوں میں ’’شکریہ راہول گاندھی‘‘کے ہورڈنگس لگائے ہیں۔یوتھ کانگریس نے اسے ملک بھر کے طلبہ کے جدوجہد اور راہول گاندھی کی قیادت کی جیت بتایا۔ دہلی ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ملک کے طلبہ کی تاریخی جیت ہے ، کیونکہ طلبہ ہی ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس استعفے کو مودی حکومت میں ناممکن بتایا جا رہا تھا، اسے طلبہ کی جدوجہد اور راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے ممکن کر دکھایا ہے ۔لاکڑا نے کہا کہ تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور طلبہ کے دو اہم مطالبات اب بھی باقی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مظاہرین طلبہ پر بربریت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور وزیر اعظم نریندر مودی ملک بھر کے طلبہ سے عوامی طور پر معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان راہول گاندھی کی قیادت پر اعتماد ظاہر کر رہا ہے اور اسی جذبے کا اظہار کرنے کیلئے دہلی کے کئی مقامات پر ’’شکریہ راہول گاندھی‘‘کے ہورڈنگس لگائے گئے ہیں۔یوتھ کانگریس نے کہا کہ طلبہ کے حقوق اور تعلیمی نظام سے متعلق معاملات پر اس کی جدوجہد آگے بھی جاری رہے گی۔