جنوبی آفریقہ کی ویسٹ انڈیز کیخلاف اننگز اور63 رنز سے کامیابی

   

کراس آئیس لیٹ : میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹسٹ میں جنوبی آفریقہ کے خلاف ایک اننگز اور 63 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ویسٹ انڈیز جو کہ پہلی اننگز میں 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی وہ دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کرپائی اور روسٹن چیس کی نصف سنچری کے باوجود 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ روسٹن چیس نے 156 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے ۔ ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں تباہ کرنے میں فاسٹ بولر کیگیسو ربادا نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے 20 اوور میں 34 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ علاوہ ازیں اینریچ نورجے نے 46 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اسپنر کیشپ مہاراج نے 23 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں ۔ ویسٹ انڈیز جس نے پہلی اننگز میں 97 رنز بنائے تھے اس کے جواب میں جنوبی آفریقہ نے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئین ٹن ڈی کاک کی شاندار اور ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت 322 رنز اسکور کئے ۔ ڈی کاک نے 170 گیندوں میں 12 چوکوں اور 7 چھوکوں کی مدد سے 141 رنز اسکور کئے ۔ ان کی شاندار سنچری پر ڈی کاک کو مقابلہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
ربادا کا ریکارڈ مظاہرہ
٭ جنوبی آفریقہ کے فاسٹ بولر ربادا نے اس مقابلہ میں ریکارڈ مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح ان کا یہ دسواں موقع رہا جہاں انہوں نے 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں ۔