نئی دہلی: ہندستان نے جنوبی افریقہ کے ساتھ آئندہ یک روزہ اور ٹی۔20سیریز کے لئے ہفتہ کو 18رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ یاستیکا اور شویتا کے ساتھ ساتھ انکیپڈ آل راونڈر چالورو پرتیوشا اور بائیں ہاتھ کی تیز گیند باز مونیکا پٹیل کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ تیز گیند باز مانسی جوشی اور وکٹ کیپر بیٹسمین سشما ورما بھی ٹیم میں واپسی کریں گی، انہوں نے اپنا آخری یک روزہ اور ٹی۔20میچ بالترتیب 2018اور 2016میں کھیلا تھا۔ سشما اور مانسی یک روزہ اور ٹی۔20دونوں ٹیموں میں شامل ہوں گی۔ بیٹسمین نجہت پروین کو دوسرے وکٹ کیپ کے طورپر ٹی۔20ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔گزشتہ برس آئی سی سی خواتین ٹیم ٹی۔20عالمی کپ میں وکٹ کے پیچھے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وکٹ کیپر بیٹسمین تانیہ بھاٹیہ اور تیز گیند باز شکھا پانڈے کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔آیوش سونی، پرتیوشا اور سرمن دل بہادر کو بھی ٹی۔20ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔ ٹی۔20ٹیم کی کپتانی ہندستانی خواتین کرکٹ کی اسٹار اور تجربہ کار بیٹسمین ہرمن پریت کور سنبھالیں گی۔یک روزہ میچوں میں ٹیم کی کمان متالی راج کے پاس ہوگی۔ ہندستانی خواتین ٹیم اور جنوبی افریقی ٹیم کے مابین آئندہ 7مارچ کو لکھنو میں پہلا یک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔ 17مارچ کو یک روزہ سیریز کے اختتام کے بعد 20مارچ کو ٹی۔20سیریز شروع ہوگی اور آخری میچ 24مارچ کو کھیلا جائے گا۔