سنچورین: کگیسو ربادا (31)، مارکو یانسن (16)، کپتان ٹیمبا باوما (40) اور ایڈن مارکرم (37) کی اہم اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو ایک دلچسپ میچ میں پاکستان کو دو وکٹ سے شکست دی۔جنوبی افریقہ نے گزشتہ روز 27/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں محمد عباس نے ایڈن مارکرم کو بولڈ کرکے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ مارکرم نے 63 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 37رن بنائے ۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیوڈ بیڈنگھم نے کپتان ٹیمبا باوما کے ساتھ مل کر قیادت سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 34 رن جوڑے ۔ عباس نے باوما کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ باوما نے (14) رنز بنائے ۔ اس کے بعد نسیم شاہ نے کائل وارن (2) کو اپنا شکار بنایا۔ کوربن بوش (0)کو محمد عباس نے آٹھویں وکٹ پر آؤٹ کیا۔ ایک وقت جب جنوبی افریقہ کی آٹھ وکٹیں 116 رنز پر گر چکے تھے تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ پاکستان جلد ہی آل آؤٹ ہو کر یہ میچ جیت جائے گا۔ ایسے وقت میں مارکو جانسن اور کگیسو ربادا کی جوڑی نے فائٹنگ اننگز کھیلی اور ٹیم کے لیے تیزی سے رنز بنائے ۔ مارکو جانسن 24 گیندوں پر (16) اور کاگیسو ربادا 26 گیندوں (31) پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ جنوبی افریقہ نے 39.3 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 150 رنز بنائے اور میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ ایڈن مارکرم کو 87 اور 37 رن کی شاندار اننگز کھیلنے پر ’پلیئر آف دی میچ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 19.3 اوورز میں 54 رن دے کر چھ وکٹ حاصل کئے ۔ خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے ایک ایک بیاٹر کو آؤٹ کیا۔