کابل ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افغانستان میں ہوئے ایک طاقتور ٹرک بم دھماکے نے ایک ہاسپٹل کو شدید طور پر نقصان پہنچایا جبکہ 20 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہوئے ہیں۔ اس دھماکہ کی ذمہ داری طالبان نے لی ہے جو جاریہ ماہ کے اوائل میں امریکہ کے ساتھ ہوئی بات چیت کے ناکام ہونے کے بعد تقریباً روزانہ کوئی نہ کوئی حملہ کررہے ہیں۔ قلت نامی علاقہ میں واقع ایک ہاسپٹل کو شدید نقصان پہنچا اور وہاں موجود متعدد ایمبولینس گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ قلت کے ایک شہری محبوب حکیمی نے بتایا کہ فجر کی نماز سے فارغ ہونے بعد اس نے کانوں کے پردے پھاڑنے والی زوردار آواز سنی جو دراصل ایک بم دھماکہ تھا جس نے ایک مسجد کے علاوہ قریب میں واقع ہاسپٹل کو بھی نقصان پہنچایا۔
