جنوبی ایشیا میں سیلاب اور بارش‘ ہلاکتیں 600 سے متجاوز

   

نئی دہلی /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ایشیا میں رواں ماہ کے آغاز سے جاری مون سون کی بارش کے باعث اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ سیلابی صورت حال سے لاکھوں لوگ گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امداد نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جولائی کے وسط سے جاری مون سون کی بارش سے بھارت، نیپال، بنگلادیش اور میانمر میں اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک اور ڈھائی کروڑ متاثر ہوچکے ہیں، جب کہ گھروں، اسکولوں اور اسپتالوں سے محروم ہونے والوں کی تعداد 7لاکھ ہے۔ سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد بھارت میں ہے، جہاں 2 کروڑ 8 لاکھ افراد متاثر اور 4 لاکھ 28 ہزار بے گھر ہوئے ہیں۔ بھارت کے بعد بنگلادیش، پھر نیپال اور پھر میانمر کا نمبر ہے۔ دوسری جانب ہفتے کے روز بھارت کے شہر ممبئی کے قریب ایک ٹرین پانی میں پھنس گئی، جس پر سوار 700 مسافر محصور ہو کر رہ گئے۔ تاہم امدادی کارروائیوں کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے نکال لیا گیا۔