نئی دہلی، 18 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے جنوبی ہندوستان اور شمال مشرقی ریاستوں کی نمائندگی کم کرنے کی جو چال چلی تھی، اسے اپوزیشن کے اتحاد نے کل شام لوک سبھا میں ناکام بنا دیا ہے ۔مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکسپر ایک پوسٹ میں کہا کہ انڈیا اتحاد نے پارلیمنٹ میں ملک کے اتحاد اور سالمیت کی آواز بن کر جمہوریت کا دفاع کیا ہے ۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں تحریر کیا کہ بی جے پی نے پارلیمنٹ میں ٹاملناڈو اور جنوب کی دیگر ریاستوں سمیت شمال مشرقی خطے کی نمائندگی کو حد بندی کے ذریعے کم کرنے کی واضح کوشش کی تھی۔ ہم نے پارلیمنٹ میں اسے روکا اور ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا ہے ۔راہول گاندھی نے کہا کہ انڈیا اتحاد ٹامل شناخت کی حفاظت کرے گا اور ہندوستان کے اتحاد، تنوع اور اسے مضبوط بنانے والی ہر آواز کا دفاع کرے گا۔