سیئول ؍ واشنگٹن : جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ جنوبی کوریا اور امریکہ نے جمعہ کو امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کا استعمال کرتے ہوئے مشترکہ بحری مشقیں شروع کردی ہیں۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ بحری مشقیں 7 اور 8 اکتوبر کو ملک کے مشرقی ساحل سے دور ہوں گی۔واضح رہے ان مشقوں کا آغاز ان حالات میں ہوا ہے جب شمالی کوریا کی جانب سے جمعرات کو سمندر میں دو بیلسٹک میزائل داغے گئے اور پھر جنوبی کوریا کی سرحد کے قریب جنگی طیاروں کو پروازیں کی گئیں۔جنوبی کورین جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ ہم اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانا اور شمالی کوریا کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کیلئے تیاری جاری رکھیں گے۔امریکی جنگی گروپ اس ہفتے پہلے ہی جاپان اور جنوبی کوریا کے جنگی جہازوں کے ساتھ تین طرفہ میزائل دفاعی مشقوں میں حصہ لے چکا ہے۔ منگل کو شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا تو اس کے بعد جنوبی کوریا اور جاپان کے جنگی جہازوں نے اڑان بھری تھی۔