جنوبی کوریا سے شمالی کوریا نے رابطے توڑلئے

,

   

سیول، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہر قسم کے رابطے توڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا پر اپنے بھگوڑے گروہوں کی مدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فوجی مواصلات اور ہر طرح کے رابطے کی ہاٹ لائنز کو بند کرنے کا اعلان کیاہے ۔جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے منگل کے روز جنوبی کوریا کے ساتھ ہر طرح کے رابطے کی لائنیں بند کرنے کا اعلان کیا۔ شمالی کوریا کا الزام ہے کہ اپنے ملک کے بھگوڑوں کو روکنے میں جنوبی کوریا ناکام رہا ہے ۔ در اصل شمالی کوریا سے فرار ہونے والے افراد کا ایک گروپ پیانگ یانگ کی اعلی قیادت کی نکتہ چینی والے پمفلٹ غباروں کے ذریعہ واپس شمالی کوریا بھیجتا رہتا ہے ۔ منگل کی صبح شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے کسی بھی فون کال کا جواب نہیں دیا۔ جنوبی کوریا دوطرفہ رابطے اور فوجی مواصلات کی ہاٹ لائنوں کے ذریعے اپنے پڑوسی ملک شمالی کوریا کو ہر روز کال کرتا ہے ۔ دریں اثناء، جنوبی کوریا کی حکومت نے شمالی کوریا سے ہاٹ لائن کے ذریعے رابطہ برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔