نئی دہلی: روزگار کے فرضی ریکٹ میں پھنسے میانمار سمیت مختلف جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک میں پھنسے 283 ہندوستانی شہریوں کو تھائی لینڈ سے ہندوستان واپس لایا گیا ہے ۔ ہندوستانی فضائیہ کے ایک طیارے نے پیر کی رات تھائی لینڈ کے مائی سوت ہوائی اڈے سے اڑان بھری جس میں 283 افراد سوار تھے ۔ وزارت خارجہ نے یہاں کہا کہ حکومت ہند میانمار سمیت مختلف جنوب مشرقی ایشیا ئی ممالک میں ملازمت کی فرضی پیشکشوں کے ذریعہ لالچ دینے والے ریکٹس میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کو محفوظ بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے ۔ درحقیقت، ان افراد کو سائبر کرائم میں شامل اور میانمار-تھائی لینڈ کی سرحد کے ساتھ واقع علاقوں میں کام کرنے والے گھپلے کے مراکز میں دیگر دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کیلئے سازشاً پھنساکر لے جایا گیا تھا۔ میانمار اور تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانوں نے مقامی افسران کے ساتھ مل کر، تھائی لینڈ کے مائی سوت سے آئی اے ایف کے ایک طیارے کے ذریعہ کل رات 283 ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی کو یقینی بنایا۔