جنک فوڈ کے مسلسل استعمال سے بینائی سے محرومی ممکن

   

استعمال کنندہ کی بینائی سے محرومی پر تحقیق سے نقصان دہ ثابت
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) مسلسل جنک فوڈ یعنی پیزا ‘ برگر اور سینڈویچ جیسی اشیائے خوردو نوش کا استعمال مستقل بینائی کے خاتمہ کا سبب بن سکتا ہے ۔ جی ہاں جنک فوڈ اور کولڈ ڈرنکس کے زیادہ استعمال سے ایک شخص کی بینائی چلی جانے کی اطلاع کے بعد کی جانے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس طرح کی اشیائے خورد و نوش کے مسلسل استعمال سے بینائی بتدریج کمزور ہوتی چلی جاتی ہے اور بسا اوقات مستقل آنکھیں ضائع بھی ہوجاتی ہیں۔ روز مرہ کی غذاء کے دوران حیاتین اور پروٹین کے علاوہ دیگر وٹامن کے استعمال سے انسان کی نہ صرف بھوک مٹتی ہے بلکہ انسانی اعضاء کے لئے لازمی ضرورتیں بھی پوری ہوتی ہیں لیکن جنک فوڈ کے استعمال سے ایسا نہیں ہوتا بلکہ یہ خوراک معدہ میں فاسد مادہ پیدا کرنے کے علاوہ انسانی اعضاء کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔برطانیہ میں ایک نوجوان کی جانب سے مسلسل 10سال تک جنک فوڈ کے استعمال کے بعد بینائی سے محرومی نے ماہرین کو اس جانب تحقیق کے لئے مجبور کیا اور تحقیق کے نتیجہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنک فوڈ انتہائی غیر صحتمند غذائوں میں شمار ہوتے ہیں۔