جنگلاتی جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والا تاجر گرفتار

   

حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) غیر قانونی طور پر جنگلاتی جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے ایک تاجر کو ٹاسک فورس ایسٹ زون پولیس نے پرانے شہر کے مرغی چوک سے گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے جنگلی مویشیوں کا گوشت ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 32 سالہ سید ضمیر ساکن جہاں نما (فلک نما) جو مرغی چوک میں گزشتہ 10 سال سے گوشت کی دوکان چلاتا ہے، دو سال قبل اُس کی ملاقات عثمان باغ بہادر پورہ کے ساکن محمد علی سے ہوئی۔ محمد علی نے جنگلاتی جانوروں کے گوشت کو فروخت کرنے پر بھاری منافع کا وعدہ کیا جس کے نتیجہ میں ضمیر نے جنگلاتی جانوروں کا گوشت فروخت کرنا شروع کیا اور خواہشمند گاہکوں کو ضمیر فروخت کیا کرتا تھا۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ گرفتار ملزم ہرن، جنگلی خرگوش اور دیگر جنگلاتی جانوروں اور پرندوں کا گوشت فروخت کررہا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک زون ایسٹ زون ٹیم پولیس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے ضمیر کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے جنگلاتی جانوروں کا گوشت برآمد کرلیا اور اُس کے خلاف مزید کارروائی کے لئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے حوالہ کردیا گیا۔