جنگلات کا فروغ اور پارکس کی ترقی ، محکمہ جنگلات کا فیصلہ

   

ایچ ایم ڈی اے اور جی ایچ ایم سی حدود میں اراضیات کی نشاندہی 494 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ
حیدرآباد۔18 ڈسمبر(سیاست نیوز) محکمہ جنگلات کی جانب سے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں جنگلات کے فروغ کے لئے پارک کی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور محکمہ جنگلات نے فیصلہ کیا ہے کہ 494 کروڑ کی لاگت سے جنگلاتی علاقہ کو فروغ دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق مسجد گڈہ جنگل کیمپ کی ترقی کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں پر سیاحوں کے لئے تفریحی اور قدرتی ماحول کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے شہری علاقوں میں جنگلات کے فروغ اور پارکس کی ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بھی موجود جنگلاتی اراضیات کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ ان کو بھی فروغ دیا جائے تاکہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے اور شہری آبادیوں کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے ۔تفصیلات کے مطابق تاحال محکمہ کی جانب سے ریاست بھر کے شہری علاقوں میں جملہ 31 شہری جنگلاتی پارک کو ترقی دی جاچکی ہے اور مزید66پارکس کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ صرف رنگاریڈی کے علاقہ میں 29ہزار282 ہیکٹر جنگلاتی اراضی موجود ہے جسے ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا جا رہاہے علاوہ ازیں26 کلسٹر کو حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں ترقی دینے کا منصوبہ ہے جبکہ 22 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں محفوظ جنگلاتی علاقہ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔شمس آباد علاقہ میں موجود حیدرآباد سے 30کیلو میٹر پر واقع مسجد گڈہ کی جنگلاتی اراضی کو جنگل کیمپ کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ 180.3 ہیکٹر جنگلاتی علاقہ پر مشتمل ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ اس شہری حدود میں ترقی دیئے جانے والے جنگلاتی پارک میں شفاف ہوا خارج کرنے والے درخت اگائے جائیں گے اور انہیں محفوظ جنگلاتی علاقوں کو فروغ دینے کے لئے ان کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ سال 2003-04 سے اب تک سبز حیدرآباد کے منصوبہ کے تحت 42ہیکٹر جنگلاتی اراضی پر درخت لگاتے ہوئے ان کی حفاظت کی گئی ہے اور ان مقامات کو پارک میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔جنگل کیمپ میں جسمانی ‘ ایڈوینچر اور دیگر کھیل کود کی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ تفریحی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہوسکے ۔