جنگ بندی معاہدہ کے عوض حماس کی 70 یرغمالی رہا کرنے کی پیشکش

   

غزہ: فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے عسکری ونگ نے کہا ہیکہ وہ 5روزہ جنگ بندی کے معاہدہ کے بدلے میں یرغمالیوں کو رہا کرنے کیلئے تیار ہے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ریکارڈ شدہ آڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے قطری ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہیکہ وہ 70 کے قریب خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کو تیار ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گارم پر جاری پیغام میں ترجمان نے کہا کہ ’مکمل جنگ بندی اور غزہ پٹی میں ہر جگہ پر امدادی سامان اور انسانی امداد پہنچانے کی اجازت کو بھی معاہدے کا حصہ ہونا چاہیے۔‘ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل معاہدہ کی قیمت چکانے سے بچنے کیلئے تاخیر کرتا رہا ہے۔دوسری جانب حماس کی جانب سے ایک خاتون یرغمالی کی ویڈیو جاری کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک فوجی کی شناخت کی تصدیق کر دی ہے۔
پیر کی رات گئے اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا کہ، ’ہم مارسیانو کے خاندان کیلئے دعا گو ہیں جن کی بیٹی نوا کو حماس کے دہشت گردوں نے بے دردی سے اغوا کیا تھا۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یرغمالیوں کو واپس لانے کیلئے ہم تمام تر انٹیلی جنس اور آپریشنل ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں۔‘