جنگ بندی کی کوشش، حماس رہنما اسماعیل ہانیہ مصر میں، سلامتی کونسل میں قرارداد پر ووٹنگ پھر ملتوی

   

 حماس نے کہا ہے کہ اس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ غزہ میں جاری جنگ پر مذاکرات کے لیے مصر پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ کے مطابق حماس نے اسماعیل ہانیہ کے قاہرہ پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ وہ مصر میں اعلیٰ حکام سے جنگ پر مذاکرات کریں گے۔ البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان مذاکرات میں کون کون شریک ہو گا۔ حماس نے اسماعیل ہانیہ کے دورے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں ادھر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں غزہ پٹی میں امداد کی ترسیل میں اضافہ کی کوشش اور جنگ بندی کے بارے میں قرارداد پر ووٹنگ ایک ایسے وقت میں مزید ایک دن کے لیے مؤخر ہو گئی ہے جب امریکہ کے تیسرے ویٹو سے بچنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔15 رکنی کونسل ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات کے مسودہ قرار داد پر پیر کے روز ووٹنگ کرنے والی تھی لیکن اسے کئی بار موخر کیا گیا ہے، جبکہ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور امریکہ لڑائی کے خاتمہ اور اقوام متحدہ کی امداد کی نگرانی کے سیٹ اپ کے حوالے سے قرار داد کے مسودے کی زبان پر متفق ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔