ممبئی: پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے پندرہ روز بعد بھارت نے ‘آپریشن سندور’ کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا، اس کارروائی پر ملک و بیرون ملک سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے بھی اس حملے پر اپنی منفرد اور بے لاگ رائے ظاہر کی ہے۔ انھون ںے کہا کہ جنگ دہشت گردی کا مؤثر جواب نہیں ہو سکتی، اور پاکستان خود ایک تباہ حال ملک ہے ، ایسے اور کیا تباہ کروگے ۔راج ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے کے وقت ان کا پہلا ردعمل یہی تھا کہ دہشت گردوں کو سخت سبق سکھایا جائے تاکہ آئندہ ان کی نسلیں بھی یہ یاد رکھیں، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ دہشت گردی کا جواب نہیں ہے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ میں جڑواں ٹاورز پر حملہ ہوا یا پینٹگان نشانہ بنا، تب امریکہ نے کوئی جنگ نہیں چھیڑی، بلکہ مخصوص کارروائی کی۔راج ٹھاکرے نے مزید کہا کہ کسی دوسرے ملک میں جنگ جیسی صورت حال پیدا کرنا اور موک ڈرل، سائرن جیسے اقدامات کرنا، اس کی ضرورت ہی کیوں پیش آئی؟ ہمیں خود احتسابی کی ضرورت ہے ۔ ان کے مطابق پاکستان پہلے سے ہی تباہی کے دہانے پر ہے ، ایسے میں اسے مزید برباد کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے ؟