فتح کا دن بہت جلد آنے والا ہے، صدر یوکرین کا قوم سے خطاب
کیف : یوکرین کے صدر ولوادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی افواج کے دارالحکومت کا محاصرہ کرنے سے اب جنگ کارخ تبدیل ہوگیا ہے جس سے ہم فتح کے مزید قریب آگئے ہیں۔یوکرین کے صدر نے قوم سے پْرجوش خطاب میں کہا کہ یہ کہنا تو مشکل تو ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو کتنے دن میں روسی فوج سے آزاد کر پائیں گے لیکن یہ دن اب بہت جلد آنے والا ہے۔صدر ولوادیمیر زیلنسکی نے مزید کہا کہ روسی افواج کے دارالحکومت کے محاصرے سے جنگ کا رخ تبدیل ہو گیا ہے جس سے ہم اپنے ہدف یعنی فتح کے نہایت قریب آگئے ہیں۔یوکرین کے صدر نے اپنی جلد فتح کے دعوے سے متعلق زیادہ تفصیلات تو فراہم نہیں کیں تاہم روسی حملے کے بعد سے قوم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے مسلسل خطابات کر رہے ہیں۔روسی حملوں کے باعث یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی مسلسل اپنی جگہ تبدیل کر رہے ہیں۔ اْن پر پانچ بار قاتلانہ حملہ بھی کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہر بار محفوظ رہے اور اب ممکنہ طور پر پولینڈ کی سرحد کے نزدیک کہیں مقیم ہیں۔روس کے حملوں میں تیزی کے بعد سے امریکہ نے بھی نئی پابندیاں عائد کردی ہیں جن میں روس کے ارب پتی تاجر اور صدر ولادیمیر پوٹن کے ترجمان کے قریبی رشتہ داروں پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی میں روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی بے نتیجہ اختتام پذیر ہوگئی تھی جب کہ بیلاروس کی سرحد پر ہونے والے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کے تین ادوار بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکے۔