سری نگر،11مئی(یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ بات چیت کے ذریعے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ حالیہ سرحدی شیلنگ میں متاثرہ افراد کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی سنوار سکیں۔محبوبہ مفتی نے اتوار کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اُوڑی میں پاکستانی شیلنگ کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا،‘سیز فائر ایک وقت طلب عمل ہوتا ہے ۔ جب فوجیں جنگ لڑتی ہیں تو پرامن ماحول بنانے میں کچھ وقت لگتا ہے ۔ ہمیں صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔’انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگ صرف انسانی جانوں کا ضیاع اور تباہی لاتی ہے ، اس لیے دونوں ممالک کو مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کے لیے سنجیدہ سیاسی اقدامات کرنے چاہئیں۔محبوبہ مفتی نے کہا، ‘ہماری سرکار سے گزارش ہے کہ وہ متاثرین کو فوری مالی امداد فراہم کرے تاکہ وہ پھر سے اپنے مکانات تعمیر کر سکیں۔ کئی خاندان مکمل طور پر بے گھر ہو چکے ہیں، ان کے لیے ریلیف اور بحالی انتہائی ضروری ہے ۔’انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی خوش آئند قدم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات بھی ضروری ہیں تاکہ سرحدی علاقوں کے لوگ سکون اور تحفظ کی فضا میں جی سکیں۔