جواہر نگر سنسنی خیز قتل کا معمہ حل کرایہ کے قاتلوں کے بشمول 6 افراد گرفتار، کمشنر پولیس کا انکشاف

   

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) جواہر نگر سنسنی خیز قتل کیس کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے راچہ کنڈہ پولیس نے 6 افراد بشمول کرایہ کے قاتلوں کی ٹولی کے افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے بتایا کہ کرایہ کے قاتلوں کا استعمال کرتے ہوئے سنسنی خیز واردات کو انجام دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 33 سالہ سریکانت ریڈی ساکن کیسرا ، 45 سالہ منجو ناتھ، 24 سالہ صادق، 20 سالہ اسمعیل، 23 سالہ سمیر خاں ساکنان شموگہ ضلع کرناٹک اور 29 سالہ کے راجیش ساکن کاپرا کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ 15 جولائی کی رات جواہر نگر حدود میں ایک شراب کی دوکان کے قریب دو افراد پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں شدید زخمی رگھوپتی علاج کے دوران فوت ہوگیا تھا۔ پولیس نے فوری اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کیا اور پہلے رگھوپتی سے متعلق تفصیلات حاصل کی ۔ رگھوپتی سال 2019 میں جنگا ریڈی کے قتل کیس میں ملوث تھا اور جنگا ریڈی کا بیٹا سریکانت ریڈی نے اپنے ساتھی منجو ناتھ کی ایماء پر رگھو پتی کے قتل کی سازش تیار کی۔ ریاست کرناٹک کے شموگہ ضلع سے کرایہ کے قاتلوں کو قتل کی سپاری دی گئی اور انہیں شہر منتقل کرتے ہوئے ٹھکانہ فراہم کیا گیا۔ کئی دنوں تک رگھوپتی کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے بعد 15 جولائی کی رات انہوں نے رگھوپتی کو ہلاک کیا اور دوبارہ جو ملارا مارم میں واقع سریکانت ریڈی کے فارم ہاوز میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ اس کیس کی تحقیقات میں مصروف جواہر نگر اور اسپیشل آپریشن ٹیم پولیس نے ان قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس سازش میں ملوث مزید گرفتاریاں باقی ہیں۔ رگھوپتی کے قتل کیس کیلئے 30 لاکھ روپئے میں سودا طئے ہوا تھا۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے مہلک ہتھیاروں کے علاوہ ایک کار ، ایک موٹر سیکل جو فرضی نمبر پلیٹ پر تھی ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا اور انہیں دوبارہ پولیس تحویل میں لیتے ہوئے مزید تحقیقات کی جائے گی۔ ع