جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 پر فلائی اوور افتتاح کیلئے تیار

   

150 کروڑ روپیوں کا خرچ، کیبل برج کا بھی عنقریب افتتاح
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں ایک اور فلائی اوور برج کا اضافہ ہونے جارہا ہے۔ ٹریفک جام پر قابو پانے اور آسان و سہولت بخش سفر کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب کوشش جاری ہیں۔ جوبلی ہلز فلائی اوور کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ امکان ہیکہ بہت جلد اس کا افتتاح ہوگا اور یہ برج عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 پر تعمیر کردہ پل لاک ڈاؤن کے وقفہ میں جنگی خطوط پر تعمیر کرتے ہوئے مکمل کرلیا گیا۔ اس فلائی اوور برج کی تعمیر سے خیریت آباد، پنجہ گٹہ اور جوبلی ہلز کی جانب والی ٹریفک کو ہائی ٹیک سٹی، مائنڈ اسپیس اور گچی باؤلی کی جانب روانگی کیلئے آسانی ہوگی۔ اس فلائی پر بلیک ٹائپنگ اور پینٹنگ ورک بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس پل کی مد سے درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کے راستہ کو چوڑا کیا گیا ہے۔ امکان ہیکہ کیبل برج کا بھی عنقریب افتتاح ہوگا جو حیدرآباد کی جدید صورت گیری میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ جوبلی ہلز تا درگم چیرو کیبل برج کی تعمیر میں اہم رکاوٹ حصول اراضی کا مرحلہ تھا اور اس کے سبب پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔ باوجود اس کے لاک ڈاؤن کے دوران جنگی خطوط پر تعمیراتی کام انجام دیتے ہوئے فلائی اوور برج کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ جوبلی ہلز کے علاقہ میں روڈ نمبر 36 بہت زیادہ مصروف ترین سڑک ہے۔ آئی ٹی کاریڈار ہونے کے سبب اکثر آئی ٹی ملازمین اور ان سے جڑے افراد اس روڈ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مادھاپور، ہائی ٹیک سٹی اور خواجہ گوڑہ کی جانب جانے والے شہری بھی اس سڑک کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ فلائی کی تعمیر کے بعد اس علاقہ سے گذرنے والوں کو راحت ملے گی۔ 150 کروڑ کی لاگت سے 1.7 کیلو میٹر طویل اور 16.60 میٹر چوڑا 4 لائن پر مشتمل اس پل کے کام کا افتتاح سال 2018ء میں ہوا تھا اور اب اگست 2020ء میں بل کا کام مکمل کرلیا گیا۔