علاقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کی کامیابی ضروری ، مقامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے بلدی وارڈس کے سطح پر کارکنوں کے اجلاس طلب کئے ہیں ۔ جوبلی ہلز کے انچارج وزراء ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے ایرہ گڈہ اور وینگل راؤ نگر ڈیویژنس میں علحدہ علحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ حکومت مقامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ جوبلی ہلز میں کانگریس برسراقتدار پر گزشتہ 10برسوں سے زیرالتواء مصائب کو حل کیا جائے گا ۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر کام کریں ۔ انہوں نے حلقہ کے شکست خوردہ امیدوار محمد اظہر الدین اور دیگر قائدین کے ہمراہ بوتھ سطح کے انچارج قائدین اور کارکنوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے حلقہ میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لیا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ۔ پربھاکر نے کہا کہ جس طرح کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی اُسی طرح جوبلی ہلز میں بھی کانگریس امیدوار کامیاب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایرہ گڈہ ڈیویژن اور بوتھ سطح کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ڈیویژن میں جملہ 46 بوتھ ہیں اور ہر بوتھ پر کانگریس کو اکثریت حاصل ہونی چاہیئے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر اور کلکٹر حیدرآباد کو بلدی کاموں کی تکمیل کی ہدایت دیجائے گی ۔ اسی دوران وزیر زراعت ٹی ناگیشور راو نے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی معیار کی سہولتیں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فورتھ سٹی سے امراوتی تک گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ حیدرآباد کی ترقی اور موسیٰ ندی کو صاف کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ اگر کوئی ہندوستان میں رہنا چاہے تو حیدرآباد سے بہتر کوئی مقام نہیں ہوسکتا ۔ حیدرآباد میں رہائش کے علاوہ تعلیمی اداروں کا جال پھیلا ہوا ہے ، جہاں بچوں کو معیاری تعلیم حاصل ہوگی ۔ جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ علاقہ کی ترقی کیلئے عوام کو کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حلقہ کے مسائل پر جلد ہی چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی ۔ ضمنی چناؤ کے نتیجہ کا دیگر ریاستوں پر اثر پڑے گا ۔ 1