جوبلی ہلز کے گھر سے سرقہ، تین سارقین گرفتار

   

حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں لاکھوں روپئے کے سرقہ میں ملوث تین سارقین کو ویسٹ زون ٹریفک پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ سید یوسف ساکن فاطمہ نگر بورہ بنڈہ اپنے ساتھیوں شیخ شاہد اور سید شہباز کی مدد سے روڈ نمبر 34 پلاٹ نمبر 675 میں واقع ایک مکان میں زائداز 10 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات ہیرے کی انگھوٹیوں اور دیگر قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سید یوسف ملازمت کے لئے 2013 ء میں سعودی عرب گیا تھا اور 2015 ء میں حیدرآباد لوٹا۔ شہر واپس ہونے کے بعد اس نے نصیر علی خان کے پاس ڈرائیور کی ملازمت حاصل کی۔ سید یوسف اور شیخ شاہد آپس میں رشتہ دار ہیں اور سید شہباز دونوں کا دوست ہے۔ پر تعیش زندگی گزارنے کیلئے نصیر علی خان کے مکان میں سرقہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور 14 فروری کو رات دیر گئے مکان میں سرقہ کرتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئے ۔ ٹاسک فورس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سارقین کی نشاندہی کی اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔