جوشی مٹھ میں متاثرہ ہر خاندان کو 1.50 لاکھ روپے کی عبوری امداد

   

جوشی مٹھ/دہرا دون: اتراکھنڈ کے چمولی ضلع کے جوشی مٹھ میں زمین دھنسنے کے متاثرہ ہر خاندان کو 1.50 لاکھ روپے کی رقم عبوری امداد کے طور پر دی جا رہی ہے ۔وزیراعلی کے سکریٹری اور انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر آر میناکشی سندرم نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں زمین دھنسنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کو واضح کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ جوشی مٹھ میں دو ہوٹلوں کو منہدم کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں جو زمین دھنسنے کی وجہ سے لٹک رہے تھے کیونکہ یہ ہوٹل آس پاس کی عمارتوں کے لیے بھی خطرہ بن رہے تھے ۔ اس کے علاوہ ابھی کوئی عمارت نہیں گرائی جا رہی ہے ۔ سندرم نے کہا کہ زمین دھنسنے سے متاثر ہونے والی عمارتوں کا سروے کیا جا رہا ہے ۔ غیر محفوظ عمارتوں کو خالی کراکے لوگوں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر 1.5 لاکھ روپے کی رقم عبوری امداد کے طور پر دی جا رہی ہے ، جس میں 50 ہزار روپے گھر کی منتقلی کے لیے پیشگی طو رپر فراہم کیے جا رہے ہیں اور ایک لاکھ روپے آفات سے نمٹنے کے لیے دیے جا رہے ہیں، جسے بعد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔