جوش کی ہیٹ ٹرک رائیگاں ’ نیوزی لینڈ کامیاب

   


ایڈیلیڈ۔آئرلینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جوش لٹل کی ہیٹ ٹرک رائیگاں گئی کیونکہ نیوزی لینڈ نے گروپ 1 کے اپنے آخری میچ میں 35 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا۔ جمعہ کو ایڈیلیڈ اوول میں سوپر 12 مقابلے میں جوش لٹل کی ہیٹ ٹرک نمایاں رہی ۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پورے میدان میں شاندار شاٹس کھیلے اور شاندار61 رنز بنائے، جو ٹورنمنٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے، جس سے ان کی ٹیم کو 185/6 کے چیلنج اسکور تک پہنچنے میں مدد ملی لیکن لٹل نے 19ویں اوور میں جمی نیشم اور مچل سینٹنر کو آؤٹ کرکے ٹورنمنٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ بنایا۔186 رنزکے تعاقب میں آئرلینڈ کو ایک بڑے آغازکی ضرورت تھی اور اس کے اوپنرز کپتان اینڈریو بالبرنی اور پال اسٹرلنگ نے کچھ حیرت انگیز باؤنڈریز کے ذریعہ نیوزی لینڈ کے بولروں کا اچھا جواب دیا۔ آٹھ اوورز کے بعد بغیر کسی نقصان کے 68 رنز سے مقابلہ دلچسپ ہوگیا تھا ، نیوزی لینڈ پریشان دکھائی دے رہا تھا لیکن پھر سینٹنر کے بائیں ہاتھ کے اسپن اور ایش سودھی کے لیگ اسپن کے ذریعے نیوزی لینڈ کے لیے حالات بہتر ہوئے۔ یہ محسوس کرنے کے بعد کہ گیند کی رفتار ایڈیلیڈ میں کلید ہے، سینٹنر اور سودھی دونوں نے نویں، دسویں اورگیارہویں اوور میں تین وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔جیسے جیسے رنز بنانیکی شرح بڑھ گئی، آئرلینڈ دباؤ میں گرتا رہا۔ مزید وکٹیں گریں کیونکہ لوکی فرگوسن نے تین جبکہ ٹم ساؤتھی کو بھی آخر میں ایک وکٹ ملی اور آئرلینڈ 20 اوورز میں 150/9 پر آوٹ ہوا اور 35 رنز سے اسے شکست ہوئی۔ جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ اب سات پوائنٹس پر ہے، جو کہ گروپ 1 کے ٹیبل ٹاپر ہونے کی تصدیق کرنے کے لیے کافی ہو سکتا ہے جس کی نیٹ رن ریٹ اب +2.11 ہے اور اس کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کافی مستحکم ہیں۔ مختصر اسکور: نیوزی لینڈ 20 اوورز میں 185/6 (کین ولیمسن 61، فن ایلن 32؛ جوش لٹل 3/22، گیرتھ ڈیلنی 2/30) آئرلینڈ 150/9 (پال اسٹرلنگ 37، اینڈریو بالبرنی 30؛ لو فرگوسن 3/22، مچل سینٹنر 2/26) 35 رنز سے شکست ۔
سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا 4 رنز سے کامیاب
ایڈیلیڈ ۔گلین میکسویل54) ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے رواں ورلڈ کپ 2022 کے سوپر12 میچ میں افغانستان کو 4 رنز سے شکست دی ۔169 رنزکے ہدف کے تقاقب میں افغانستان نے لوور آرڈر میں راشد خان کی شاندار بیٹنگ سے ایک حیران کن کامیابی کے قریب تک رسائی حاصل کی ۔راشد نے 27 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 48 رنز بنائے ۔قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ایرون فنچ کی غیر موجودگی میں اوپننگ کے لیے آنے والے کیمرون گرین دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ڈیوڈ وارنر(25) پانچ چوکوں کے ساتھ اچھے لے میں نظر آرہے تھے لیکن نوین الحق کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ۔ آسٹریلیا کا تیسرا وکٹ 54 کے اسکور پر اسٹیو اسمتھ کی صورت میں گرنے کے بعد مچل مارش اور مارکس اسٹوئنس نے برتری حاصل کی۔ مارش نے 30 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے45 رنز بنائے جبکہ اسٹوئنس نے21 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے ۔آسٹریلیا نے 15 اوورز میں 133 رنز بنائے تھے لیکن افغانستان نے آخری پانچ اوورز میں صرف 35 رنز پر چار وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو بڑے اسکور کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔ تاہم میکسویل نے آسٹریلیا کو 160 سے آگے لے گئے ۔ انہوں نے 54 رنز کی اپنی زبردست اننگز میں 32 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔