جونئیر ڈاکٹرس کی ہڑتال جاری ۔ وزیر صحت کے ساتھ بات چیت غیر مختتم

   

حیدرآباد 24 جون(سیاست نیوز) وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا اور جونیئر ڈاکٹرس کے درمیان بات چیت غیر مختتم رہی اور ڈاکٹرس کی تنظیموں نے سرکاری دواخانوں میں ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت سے مطالبات کو قبول کرنے اور جونیئر ڈاکٹرس کے مسائل کی یکسوئی تک ہڑتال کو جاری رکھا جائے گا۔ جونیئر ڈاکٹرس اسٹائی فنڈ کی بروقت اجرائی و دیگر مطالبات کے ساتھ گذشتہ 5 یوم سے احتجاجی مظاہروں کے بعد آج سے آؤٹ پیشنٹ خدمات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور سرکاری دواخانوں میں خدمات کا بائیکاٹ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے کرکے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کی یکسوئی کی جائے ۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہانے آج احتجاجی ڈاکٹرس سے مذاکرات کئے اور ان وزیر صحت نے کہا کہ حکومت اسٹائی فنڈ کی اجرائی اور بجٹ کی گرین چیانل کے ذریعہ اجرائی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا ۔ڈاکٹرس نے میڈیکل کالجس میں 15فیصد نشستیں تلنگانہ طلبہ کو فراہم کرنے و سوپر اسپشالیٹی ڈاکٹرس کے اسٹائی فنڈ میں اضافہ کرکے 1لاکھ 25ہزار کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر نے مثبت غور کرنے کا تیقن دیا۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ ہڑتال کے تعلق سے تنظیم کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی طمانیت کے بعد ہی اس ہڑتال کو ختم کرنے کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔3