جونئیر کالجس کے الحاق کیلئے درخواستیں

   

بغیر جرمانہ کے 25 جولائی تک ادخال کی مہلت
حیدرآباد۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے جونئیر کالجس کے الحاق کی آخری تاریخ میں 25 جولائی تک کی توسیع کردی ہے۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران حکومت کے اقدامات میں جونئیر کالجس کے الحاق و مسلمہ حیثیت کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی سال 2020-21 کیلئے اعلامیہ کی آخری تاریخ میں توسیع کے ذریعہ بورڈ کی جانب سے ریاست میں کالجس کے الحاق کی سہولت فراہم کرنے بغیر کسی فیس دیرینہ کے 25جولائی تک کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں کالجس انتظامیہ کو مطلع کرکے اس مہلت سے استفادہ کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں 25جولائی کے بعد 5اگسٹ تک 10 ہزار روپئے فیس دیرینہ کے ساتھ درخواستوں کے ادخال کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔کہا جا رہاہے کہ جاریہ سال کئی خانگی کالج انتظامیہ کی جانب سے نئی عمارتو ںمیں کالجس کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی توقع ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے ایس ایس سی میں تمام طلبہ کو کامیاب قرارد ینے کے بعد ریاست میں جونئیر کالجس میں نشستوں کی کمی کے خدشات تھے اور اب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے اس سہولت سے محسوس ہورہا ہے کہ خانگی کالجس کو الحاق فراہم کرکے نشستوں میں اضافہ کی سہولت پہنچائی جارہی ہے تاکہ جونئیر کالجس کے قیام کے ذریعہ ایس ایس سی کامیاب طلبہ کو کالجس میں داخلہ کا موقع مل سکے ۔