حیدرآباد: سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن میں ہندوستانی نژاد امریکی کھلاڑی سمیر بینرجی نے جونیئر زمرے کا خطاب حاصل کیا ہے۔ جونیئر زمرے میں کھیلے گئے ومبلڈن کے فائنل میں انہوں نے اپنے ہم وطن وکٹ لل وول کو راست سٹوں میں شکست دی۔ سمیر کی اس کامیابی پر کئی ہندوستانی شائقین نے مبارکباد دی۔ کیوں کہ اس ومبلڈن چمپئن کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ سمیر کی ماں اوشا کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ ان کے والد کنال بنرجی کا تعلق آسام سے ہے۔ وشاکھا پٹنم میں پیدا ہونے کے بعد بچپن میں ہی اوشا حیدرآباد منتقل ہوئی اور تارناکہ میں ان کی پرورش ہوئی اور یہیں سے انہوں نے سنٹ ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی جس کے بعد اعلی تعلیم کے لیے وہ امریکہ روانہ ہوئیں۔ 1980ء میں وہ کنال سے ملیں اور ان کے شادی ہوئی۔ جس کے بعد امریکہ میں سمیر کی پیدائش ہوئی۔ آخری مرتبہ 2015ء میں وہ حیدرآباد کا سفر کرچکی ہیں۔