جونیر پرنسپل آفیسرس کی 25 جائیدادوں کیلئے 36,557 امیدوار، برقی کمپنی میں بھرتیاں
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی برقی کمپنی ایس بی ڈی سی ایل میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے درخواست کی طلبی پر غیرمعمولی نوعیت کا مثبت ردعمل پایا گیا۔ درخواستیں داخل کرنے کی گزشتہ دن آخری تاریخ تھی۔ آخری تاریخ تک وصول ہونے والی درخواستوں کی تفصیلات سے متعلقہ عہدیداروں ایس پی ڈی سی ایل نے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 500 جونیر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر (جے اے، سی او) کی مخلوعہ جائیدادوں کیلئے جملہ 1.10 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں۔ اسی طرح 25 جونیر پرسنل آفیسر (جے پی او) کی مخلوعہ جائیدادوں کیلئے جملہ 36,557 افراد نے درخواستیں پیش کیں۔ علاوہ ازیں 2500 جونیر لائن مینوں (جے ایل ایم) کی مخلوعہ جائیدادوں کیلئے جملہ 58,531 درخواستیں وصول ہوئیں۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے ذرائع نے بتایا کہ جونیر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر کی ایک جائیداد کیلئے 220 افراد جونیر پرسونل آفیسر کی ایک جائیداد کیلئے 1,462 افراد اور جونیر لائن مین کی ایک جائیداد کیلئے 23 افراد اپنی قسمت آزمائی کیلئے مسابقتی ٹسٹ میں حصہ لیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مستقل اساس پر مذکورہ جائیدادوں پر کئے والے تقررات کے پیش نظر ان جائیدادوں کیلئے زبردست مسابقت ہے۔