ریاستی وزیر کی ایل بی نگر تا کوکٹ پلی مسافرین سے بات چیت
حیدرآباد۔ 10 اگست (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے آج حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کے ذریعہ سفر کرکے بارش میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ جوپلی کرشنا راؤ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے تھے۔ انہوں نے ٹریفک مسائل کے پیش نظر ایل بی نگر تا کوکٹ پلی میٹرو ٹرین میں سفر کیا اور کاروں کے قافلہ کو ایل بی نگر پر چھوڑ دیا۔ وزیر کے ہمراہ رکن کونسل جی وینکنا و دیگر موجود تھے۔ سفر میںجوپلی کرشنا راؤ نے مسافرین سے بات کی اور میٹرو سہولتوں پر دریافت کیا۔ گزشتہ دو دن سے شہر میں بارش پر عوام گاڑیوں پر سفر کے بجائے میٹرو میں سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ٹریفک جام سے بچنے آر ٹی سی بس کی بجائے میٹرو ٹرین میں سفر سے مقررہ وقت پر اپنی منزل کو پہنچا جاسکتا ہے۔ کرشنا راؤ نے حواتین اور بچوں سے بات و کی اور میٹرو ٹرین کی سہولت پر سوالات کئے۔ سفر میں کچھ وقت تک وزیر کو ٹھہر کر سفر کرنا پڑا کیونکہ تمام نشستیں پر ہو چکی تھیں اور ٹرین میں مسافرین کی تعداد کافی زیادہ تھی۔ بعد میں جوپلی کرشنا راؤ کو بعض مسافرین نے نشست فراہم کی۔ 1