حیدرآباد ۔ 4 مارچ ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزام میں شہر کے مشہور جویلرس کے مالک کو گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ اویناش موہنتی نے کہا کہ 47سالہ سائلیش کمار اگروال جو بشیر باغ میں واقع دنیش جویلرس کا پارٹنر ہے نے سورج بھان جویلرس کے ارون کمار کو دھوکہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 28فبروری کو سورج بھان جویلرس انتظامیہ کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا کہ سیلیش کمار اگراول نے سورج بھان جویلرس سے 700کیلو اصلی چاندی حاصل کی اور اس کے عوض میں ضمانت کیلئے دو دستاویزات بھی فراہمکرتے ہوئے یہ بتایا تھا کہ یکم نومبر یا اس سے قبل وہ چاندی واپس لوٹا دے گا ۔ سیلیش کمار اگروال نے 700کیلو چاندی واپس کرنے سے قاصر رہا جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف سی سی ایس میں شکایت درج کی گئی ۔ پولیس نے اس کے خلاف دھوکہ بازی اور جعلسازی کا ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے بعد اُسے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔