کورونا مریض کو کم از کم 20روز قرنطینہ رہنا چاہئے، صدر ٹرمپ مباحثہ کیلئے اٹل
واشنگٹن : امریکہ میں صدارتی انتخاب کے امیدوار جو بائیڈن نے امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ انتخابی مباحثے سے انکار کردیا۔خبر رساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ ‘اگر امریکی صدر کووڈ 19 کی وجہ سے بیمار رہے تو وہ اگلے ہفتے ٹرمپ کے ساتھ طے شدہ انتخابی مباحثے کا حصہ نہیں بنیں گے۔77 سالہ صدارتی امیدوار اور ٹرمپ کے سیاسی حریف نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ صحت سے متعلق تمام ایس او پیز پر عمل کریں۔جو بائیڈن نے کہا کہ ’میری خواہش ہوگی کہ ٹرمپ کے ساتھ انتخابی مباحثہ ہو لیکن مجھے امید ہے کہ اس ضمن میں تمام پروٹوکولز کی پاسداری کی جائے گی‘۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے مابین 15 اکتوبر کو سیاسی مباحثہ شیڈول ہے۔امریکی اداروں کے مطابق کورونا کی علامات کے ساتھ ہی متاثرہ شخص کو 10 روز کے لیے قرنطینہ کرلینا چاہیے جبکہ اگر کورونا کی علاماتیں سنجیدہ ہوں تو کم از کم 20 دن کے لیے وہ خود کو قرنطینہ کرلے۔جو بائیڈن نے کہا کہ ’یہ بہت سنجیدہ مسئلہ ہے اور جو کچھ معالجین تجویز کرتے ہیں وہ بالکل ٹھیک ہے‘۔دوسری جانب امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی صحت کی وجہ سے مباحثے میں عدم شرکت کو رد کردیا۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’وہ آئندہ ہفتے ہونے والے سیاسی مباحثے کے لیے پرعزم ہیں‘۔واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو امریکی صدرٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قرنطینہ میں جارہے ہیں۔ امریکی صدر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا تھا۔بعد ازاں میڈیا پر امریکی صدر کی صحت سے متعلق متضاد خبریں گردش کر رہی تھیں۔4 اکتوبر کو امریکی صدر کے معالجین نے کورونا وائرس سے متاثرہ ڈونالڈ ٹرمپ کی طبیعت میں بہتری کا دعویٰ کیا تھا جبکہ ٹرمپ کی طبیعت سے آگاہی رکھنے والے ذرائع نے کہا تھا کہ ان کی بنیادی تشخیصی عناصر (وائٹل سائنز) کی علاماتیں تشویشناک ہیں اور اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں۔جب ابتدا میں وائرس امریکہ پہنچا تو ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ جس طرح آیا ہے ویسے ہی غائب ہو جائے گا جبکہ وہ کئی مرتبہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر بھی تنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔ملک میں دوبارہ سے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ٹرمپ نے اپنے گورنرز کو کہا تھا کہ وہ بڑھتی ہوئی اموات پر توجہ دینے کے بجائے دوبارہ کاروبار کھول کر معیشت کی بحالی کے لیے کوشش کریں۔