ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بڑھتی عمر میں بھی کم عمر ہی لگے، جو کہ کسی طور غلط بھی نہیں، کیونکہ عمر محض ایک عدد ہے۔ اگر کچھ اہم ہے تو وہ یہ کہ زندگی کے کسی بھی حصے میں آپ خودکو کتنے اچھے سے مینٹین رکھ سکتی ہیں۔ شخصیت میں نکھار لانے کیلئے چہرے کی دیکھ بھال سب سے پہلا اور بنیادی امرہے اور صاف و شفاف خوبصورت چہرہ جِلد کی اندرونی حالت کا آئینہ ہوتا ہے مگر اندرونی بیماریاں چہرے کی ساری رونق تبا ہ کردیتی ہیں۔ جِلد بہتربنانے کیلئے صرف پانی کا کردار ہی اہم نہیں ہوتا بلکہ بہت سے پھل اور غذائیں بھی ایسی ہیں، جن کے روزانہ استعمال سے جِلد کی قدرتی چمک بحال ہوتی ہے۔چہرے کی جِلد کو تروتازہ رکھنے والی غذاوں سے متعلق ہم اپنے ایک مضمون میں قارئین کو پہلے بھی آگاہ کرچکے ہیں۔ آج موضوع گفتگو وہ اہم پھل ہیں، جو بڑھتی عمر میں بھی آپ کی جِلد کو تروتازہ اور جواں رکھنے میں مددگارہوتے ہیں۔
کیوی : جِلد کو نکھارنے والے پھل کیوی خوش رنگ اور خوش شکل ہی نہیں بلکہ غذائیت سے بھر پوراینٹی ایجنگ پھل بھی ہے جووٹامن سی،وٹامن کے،وٹامن ای ، کاپر ، فائبر ، پوٹاشیم ، مینگنیز، اور فولیٹ کی زائد مقدار پر مشتمل ہوتا ہے۔ کیوی میں موجود 85فیصد وٹامن سی روزمرہ وٹامن سی کی ضرورت کو باآسانی پوراکرسکتاہے۔اس میں موجود وٹامن سی اور ای کی مقدار جِلد کے مردہ خلیات سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ جِلد کو تروتازہ اور جواں رکھنے میں بھی معاون ہے۔
انار: جِلد کو نکھارنے والے پھل انار بے شمار فوائد سے مالامال ہوتا ہے۔ انار کی اہم خاصیت اس میں موجود وٹامن سی کی کثرت ہے۔ وٹامن سی سورج کی شعاعوں کے مضر اثرات اور جِلد پر جھریاں پڑنے سے بچاتا ہے۔ یہ جسم میں کولیجن کو محفوظ کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتاہے۔
پپیتا : جِلد کو نکھارنے والے پھل ،جِلد کی تازگی ،دلکشی اور شفافیت فراہم کرنے کیلئے پپیتامفید پھلوں میں سے ایک ہے۔ جِلد کی تازگی کیلئے پپیتیکے ماسک کا استعمال خواتین میں خاصا مقبول ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق پپیتا جِلد کو دلکش بنانے کے علاوہ بالوں کو بھی چمکدار بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پپیتے میں موجود وٹامن اے اورپاپین نامی کچھ ایسے خصوصی انزائم پائے جاتے ہیں، جوجِلد کے مردہ خلیوں کودوبارہ سرگرم کردیتے ہیں، جس سے جِلد تازہ اور چمکدارلگنے لگتی ہے جب کہ یہ جِلد کو خشک ہونے سے بھی بچاتا ہے۔