جِلد کو نکھارنے والے پھل

   

ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بڑھتی عمر میں بھی کم عمر ہی لگے، جو کہ کسی طور غلط بھی نہیں، کیونکہ عمر محض ایک عدد ہے۔ اگر کچھ اہم ہے تو وہ یہ کہ زندگی کے کسی بھی حصے میں آپ خودکو کتنے اچھے سے مینٹین رکھ سکتی ہیں۔ شخصیت میں نکھار لانے کیلئے چہرے کی دیکھ بھال سب سے پہلا اور بنیادی امرہے اور صاف و شفاف خوبصورت چہرہ جِلد کی اندرونی حالت کا آئینہ ہوتا ہے مگر اندرونی بیماریاں چہرے کی ساری رونق تبا ہ کردیتی ہیں۔ جِلد بہتربنانے کیلئے صرف پانی کا کردار ہی اہم نہیں ہوتا بلکہ بہت سے پھل اور غذائیں بھی ایسی ہیں، جن کے روزانہ استعمال سے جِلد کی قدرتی چمک بحال ہوتی ہے۔چہرے کی جِلد کو تروتازہ رکھنے والی غذاوں سے متعلق ہم اپنے ایک مضمون میں قارئین کو پہلے بھی آگاہ کرچکے ہیں۔ آج موضوع گفتگو وہ اہم پھل ہیں، جو بڑھتی عمر میں بھی آپ کی جِلد کو تروتازہ اور جواں رکھنے میں مددگارہوتے ہیں۔
ایواکاڈو: جِلد کو نکھارنے والے پھل،ایواکاڈوکا شمار سیلیبرٹی فروٹ میں کیا جاتا ہے، اس پھل میں چکنائی ، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ یہ تمام اجزاء جِلد کی موئسچرائزنگ اور دھوپ سے جھلس جانے والی جِلد کیلئے مفید ہیں۔یہ پھل جسم کو گلوٹاتھائیون نامی مادے کی فراہمی باآسانی بناتا ہے، جو بڑھتی عمر کے اثرات کو زائل کرتا ہے۔ یہی نہیں، ایواکاڈو وٹامن بی اور وٹامن ای کی خصوصیات سے مالا مال ہوتاہے، یہ دونوں وٹامن جِلد کی تروتازگی اور شفافیت کیلئے بے حد ضروری ہیں۔
سیب : جِلد کو نکھارنے والے پھل، اگر آپ سدا بہار جوان نظر آنا چاہتی ہیں تو ہرے سیب کا استعمال کریں۔ صحت کیلئے ہرے سیب کے بہت سے فائدے ہونے کے ساتھ ساتھ یہ خوبصورتی کیلئے بھی اہم پھل مانا جاتا ہے ، جِلد کو پرکشش رکھنے کے ساتھ یہ پھل آنکھوں کے نیچے پڑنے والے ہلکے بھی ختم کرنے میں کارآمد مانا جاتا ہے۔اس پھل میں آئرن کے ساتھ وٹامن سی پایا جاتا ہے اور یہ دونوں چیزیں انسانی جِلد کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ اسے چمکدار بناتی ہیں۔ اپنی روزانہ کی خوراک میں ایک سیب ضرور شامل کریں، ایک تازہ جوس کا گلاس بھی آپ کو بہت فائدہ دے گا۔