جگا ریڈی کا قیمتی شرٹ اسمبلی لابی میں بحث کا موضوع 35 ہزار روپئے قیمت پر ہر کسی کو حیرت

   

حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی لابی میں کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی کی شرٹ پر ارکان اور صحافیوں کے درمیان دلچسپ تبصرے دیکھے گئے۔ جگا ریڈی جو ہمیشہ عام کپڑوں میں اسمبلی آتے رہے ہیں آج وہ مشہور کمپنی KENZO کا شرٹ پہن کر اسمبلی پہنچے تھے۔ صحافیوں اور ساتھی ارکان سے ملاقات کے دوران ہر کسی نے جگا ریڈی کے شرٹ پر تبصرہ کیا اور کہا کہ آج غیر معمولی قیمتی شرٹ زیب تن کئے ہوئے ہیں۔ صحافیوں نے جب شرٹ کی قیمت کے بارے میں سوال کیا تو جگا ریڈی نے بتایا کہ اس کی قیمت 35 ہزار روپئے ہے۔ یہ جواب سن کر صحافی حیرت میں پڑ گئے جس پر جگا ریڈی نے کہا کہ اگر آپ چاہیں تو گوگل پر شرٹ کی قیمت جان سکتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں نے گوگل سرچ کرنا شروع کیا جس پر جگا ریڈی نے کہا کہ کیا میں قیمتی شرٹ نہیں پہن سکتا۔ کیا جیون ریڈی اور ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ہی قیمتی شرٹ پہن سکتے ہیں؟ ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ دراصل اپنے فرزند کا شرٹ پہن کر آئے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے قیمتی شرٹ پر بھی بی جے پی قائدین تبصرے کررہے ہیں‘ کیا ان میں 40 ہزار کی ٹی شرٹ پہننے کی استطاعت نہیں ہے۔ کئی ٹی آر ایس ارکان نے بھی جگا ریڈی کے شرٹ پر تبصرہ کیا۔ر