حکومت کے اہداف کی تکمیل کرنے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت
جگتیال : ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ صفائی اور سبزہ زار پر عہدیدار خصوصی توجہ دیں۔ انھوں نے دفتر ضلع کلکٹر سے مختلف زیر التواء مسائل پر ہم آہنگی سے متعلقہ جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کے دورہ کے پیش نظر تمام محکمہ جات کے عہدیدار بنا کسی اغلاط کے درست رپورٹس تیار کریں۔بلدیات کے احاطوں میں ہریتا ہارم کے ذریعہ کی گئی شجر کاری ناکارہ ہونے کی صورت میں نئے پودوں کو لگواکر ماحول کو سر سبز و شاداب بنایا جائے۔پلاسٹک کے عدم استعمال پر امتناع کیلئے ہر طریقہ کا استعمال کیا جائے۔کمشنران بلدیات شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کا معائنہ کریں۔گرام پنچایتوں میں عہدیدار تنقیح کرتے ہوئے پلاسٹک پر امتناع عائد کریں۔ اور پلاسٹک کے عدم استعمال کے علاوہ جوٹ کی تھیلیوں کے استعمال کی جانب راغب کرنے کیلئے ڈی آر ڈی اے کی مختلف تنظیموں کا تعاؤن حاصل کیا جائے۔ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حکومت کے اہداف کی تکمیل کریں۔سرکاری دفاتر کو کچرے سے پاک و صاف رکھیں۔ماہانہ تیسرے ہفتہ میں سرکاری دفاتر میں صفائی کے پروگرام کو روبہ عمل لائیں۔ اومیکرون وائیرس کے اثر کو روکنے کیلئے عوام کو سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال لازمی ہے۔ قائم اور دائر اثاثہ جات کی تفصیلات روانہ کی جائے۔ناکارہ عدم استعمال والی سرکاری سواریوں کو مسمار کرنے کیلئے تفصیلات پیش کی جائیں۔محکمہ واری آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر زیر خدمت عملہ کی تفصیلات روانہ کی جائے۔ای شرم پورٹل میں غیر منظم شعبہ میں زیر خدمات افراد کی تفصیلات کو درج کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ شعور بیدار کیا جائے۔دھان کی خریدی کا اسپیشل آفیسرس ہر دن معائنہ کرتے رہیں۔مسائل درپیش ہونے پر عہدیداروں کے علم میں لاکر یکسوئی کروائیں۔لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے مسائل کو درپیش نہ ہونے دیا جائے اور عاجلانہ طور پر دھان کی خریدی کی تکمیل عمل میں لائی جائے ۔
