جگتیال میں سرقہ میں ملوث افراد گرفتار

   

جگتیال۔5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں 13 نومبر کو وانی نگر علاقے میں قفل شکنی کے ذریعہ سلسلہ وار سرقہ کرنے والا سارق بودانا مہیش ساکن ویلولہ منڈل مٹ پلی سے تعلق رکھنے والے کو گزشتہ سال جگتیال ٹائون پولیس اور سی سی ایس پولیس نے ٹاور سرکل پر حراست میں لے کر تفتیش کے دوران اقبال جرم کرلیا۔ مہیش نے نہ صرف جگتیال میں بلکہ اس سے قبل آرمور پولیس اسٹیشن حدود میں بھی سونا اور دیگر سامان اور موٹر سائیکل کے سرقہ کی واردات میں ملوث تھا اور یہی نہیں اراضی کے معاملات میں بھی ملوث ہونے پر اس کے خلاف کریم نگر میں پی ڈی ایکٹ لگایا گیا تھا۔ اس نے 13 نومبر کی شب جگتیال کے وانی نگر کے مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے 6 مکانات میں قفل شکنی کرتے ہوئے مختلف سامان وغیرہ اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا۔ آج جگتیال اے ایس پی دکشنا مورتی پولیس اسٹیشن میں صحافیوں کی پریس کانفرنس میں سارق کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے ضبط شدہ 2.5 تولے سونا اور ایک عدد موٹر سائیکل، نقدم رقم اور موبائیل فونس کو میڈیا کے سامنے پیش کیا اور انہوں نے سارق کی گرفتاری میں پولیس عملہ اور سی سی ایس پولیس کی کامیاب کوشش کی ستائش کی۔ سرکل انسپکٹر سی سی ایس محمد عارف خان اور جگتیال ٹائون سی آئی جیش ریڈی کے علاوہ دیگر پولیس آفیسر اور دیگر موجود تھے۔