جگدیپ دھنکر ملک کے نئے نائب صدر جمہوریہ

,

   

الیکشن میں 528 ووٹوں کے حصول کیساتھ شاندار جیت، 11 اگست کو حلف برداری
نئی دہلی : جگدیپ دھنکر ہندوستان کے 14 ویں نائب صدر جمہوریہ ہوں گے ۔ نائب صدر جمہوریہ کے لیے آج الیکشن ہوا جس میں این ڈی اے کے امیدوار جگدیپ دھنکر نے اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا کو شکست دی ۔ جگدیپ دھنکر نے 528 ووٹ حاصل کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ دھنکر پیشہ سے وکیل ہے اور انہوں نے 1989 میں سیاست میں قدم رکھا تھا ۔ جولائی 2019 میں انہیں مغربی بنگال کا گورنر بنایا گیا تھا ۔ جہاں چیف منسٹر مغربی بنگال اور ریاستی حکومت کے کئی معاملات میں شدید اختلاف پایا جاتا تھا انہوں نے بحیثیت گورنر مغربی بنگال 17 جولائی کو استعفیٰ دیا تھا اور نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے این ڈی اے کے امیدوار تھے ۔ وہ 11 اگست کو ملک کے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کا حلف لیں گے کیوں کہ موجودہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہورہی ہے۔اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا نے 182 ووٹ حاصل کئے جب کہ 15 ووٹ غیر درست قرار دئیے گئے ۔ این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکر کی مختلف ریاستی جماعتوں نے حمایت کی تھی ۔ ان میں جنتادل ( یو ) ، وائی ایس آر کانگریس ، بہوجن سماج پارٹی ، آل انڈیا انا ڈی ایم کے اور شیوسینا شامل ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان کی کامیابی کو یقینی سمجھا جارہا تھا ۔ مارگریٹ الوا کی حمایت عام آدمی پارٹی ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کی تھی جب کہ ترنمول کانگریس کی حمایت حاصل کرنے میں وہ ناکام رہی تھیں ۔۔

مارگریٹ الوا کی
جگدیپ دھنکر کو مبارکباد
نئی دہلی :اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا نائب صدر کے انتخاب میں ناکام ہو گئی ہیں۔ این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکر نے آسانی سے یہ انتخاب جیت لیا۔ نتیجہ برآمد ہونے کے بعد مارگریٹ الوا نے جگدیپ دھنکھر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے سبھی اپوزیشن لیڈران اور سبھی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی مارگریٹ الوا نے لکھا ہے کہ انتخاب ختم ہو گیا، لیکن آئین کے تحفظ، جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کے وقار کو بحال کرنے کے لیے جنگ جاری رہے گی۔