حیدرآباد۔12 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او نمبر 2 کو کالعدم کردیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے حکومت کے رویہ پر ناراضگی جتائی ۔ پنچایت سرپنچوں اور سکریٹری کے اختیارات ولیج ریونیو آفیسرس کو الاٹ کرتے ہوئے حکومت نے جی او نمبر 2 جاری کیا تھا۔ جی او کی اجرائی کو چیلنج کرتے ہوئے گنٹور ضلع سے تعلق رکھنے والے سر پنچ کرشنا موہن نے درخواست دائر کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ سرپنچوں کو اور پنچایت سکریٹری کے اختیارات عہدیداروں کو منتقل کرنے کا حکومت کو کوئی حق نہیں ہے ۔ حکومت کا یہ فیصلہ پنچایت راج ایکٹ کے خلاف ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے استدلال کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ سرپنچ اور سکریٹری کے تحت چلنے والے اداروں کو وی آر اوز کے تحت منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ ہائی کورٹ نے جی او نمبر 2 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سرپنچ اور سکریٹری کے اختیارات کو بحال رکھا ہے۔
